نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایکنک کا اجلاس ، 380 ارب روپے سے زائد مالیت کے 12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ایکنک نے 380 ارب روپے سے زائد مالیت کے 12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی۔ نائب وزیراعظم کے میڈیا آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں زراعت، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی استحکام کے شعبوں کے حوالے سے 380 ارب روپے سے زائد مالیت کے 12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق یہ منصوبے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے لئے ہیں۔ اجلاس میں نائب وزیرِاعظم نے حکومت کے جامع اور پائیدار قومی ترقی کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، پنجاب کے سینئر وزیر، سندھ کے وزیر برائے آبپاشی و خوراک، خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے علاوہ کابینہ، منصوبہ بندی کے وفاقی سیکرٹریز اور وزارتِ خزانہ، توانائی سمیت متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔