آسٹریلوی کرکٹرز کا بھارت پر طنز، ہینڈ شیک تنازع پر مزاحیہ ویڈیو وائرل

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) آسٹریلوی کرکٹرز کی بھارتی ٹیم پر طنز کرتے ہوئے ہینڈ شیک تنازع پر مزاحیہ ویڈیو وائرل ہو گئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے دوران پاکستان ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا، جسے کھیل کی روح کے منافی قرار دیا گیا تھا۔اس تنازع کے بعد بھارت نے ایونٹ کی اختتامی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔

اسی پس منظر میں آسٹریلیا کے معروف کھیلوں کے پلیٹ فارم کایو اسپورٹس نے ایک طنزیہ ویڈیو جاری کی ہے جس میں آسٹریلیا کی مرد و خواتین ٹیموں کے کھلاڑی بھارت کے رویے کا مذاق اڑاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ویڈیو کے آغاز میں اینکرز کہتے ہیں کہ ہم جانتے ہیں کہ بھارت آرہا ہے لیکن ہم نے ان کی ایک کمزوری پکڑ لی ہے۔

(جاری ہے)

دوسرا اینکر کہتا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ وہ روایتی مصافحے کے زیادہ شوقین نہیں تو کیوں نہ انہیں گیند پھینکنے سے پہلے ہی غیر متوازن کر دیا جائے۔

ویڈیو میں آسٹریلیا کے وائٹ بال کپتان مچل مارش، پیسر جوش ہیزل ووڈ، آل رانڈر گلین میکسویل، خاتون کرکٹر الیسا ہیلی، اسپنر سوفی مولی نیکس اور گریس ہیرس سمیت دیگر کھلاڑیوں نے مختلف انداز میں بھارت کے ہینڈ شیک انکار کی نقل اتارتے ہوئے طنز کیا۔