اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میںشمولیت پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

پاکستان عالمی سطح پر دانشمندی سے رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کرنے کے لئے متحرک اور مثبت کردار ادا کر رہا ہے،بیان

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر انتہائی دانشمندی سے رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کرنے کے لئے متحرک اور مثبت کردار ادا کر رہا ہے ایک وقت تھا جب پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا لیکن وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین قیادت میں پاکستان عالمی فورمز پر خصوصی توجہ کا مرکز بن چکا ہے شرم الشیخ امن معاہدے کے موقع پر امریکی صدر ٹرمپ کا وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی ذکر کیا جس سے پاکستان اور دونوں شخصیات کی عالمی سطح پر اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادرنے مزید کہاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں سال 2026 سے 2028 تک نئے رکن کے طور پر پاکستان کی شمولیت پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے پاکستان کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونا اقوام متحدہ میں پاکستان کے موثر اور بھرپور کردار کی غمازی کرتی ہے پاکستان انسانی حقوق کونسل میں بلا تفریق و امتیاز انسانی معاملات پاکستان کے بھرپور کردار کے عزم کا اظہار کرتے ہیں پاکستان کی موجودہ سیاسی اور عسکری قیادت پاکستان کے عالمی تعاثر کو مثبت انداز سے پیش کرنے کے حوالے سے انتہائی تندہی سے کوشاں ہیں عالمی سطح پر انسانی حقوق کونسل میں شمولیت کی وجہ سے پاکستان کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا پاکستان کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے مظالم کو اقوام متحدہ کے فورم پر اجاگر کر کے انکے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ضروری سمجھتا ہے۔