مقبوضہ جموں وکشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے،راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 14:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے بھارت اور افغان وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں دیے گئے بیان کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے نئی دہلی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں دیا گیا بیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ افغان قیادت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہدِ آزادی سے منہ موڑ کر تاریخ اور امت دونوں کے ساتھ ناانصافی کی ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا کوئی بھی غیر قانونی دعویٰ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کو یقینی بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کہے گئے الفاظ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں ان شاء اللہ بہت جلد تحریک آزادی کشمیر اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی شہداء مقبوضہ جموں وکشمیر کا خون رنگ لائے گا مقبوضہ جموں وکشمیر جلد آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔