کسانوں کو بااختیار بنانا، محفوظ و غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی کو یقینی بنانا اور تمام شراکت داروں کے درمیان تعاون ضروری ہے، رانا تنویر حسین

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کسانوں کو بااختیار بنانا، محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی کو یقینی بنانا اور تمام شراکت داروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔جمعرات کو ادارہ خوراک و زراعت اقوام متحدہ پاکستان نے وزارتِ قومی غذائی تحفظِ و تحقیق عالمی ادارہ برائے خوراک اور بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی کے تعاون سے عالمی یوم خوراک 2025 کے موقع پر ایک بامقصد تقریب کا انعقاد کیا ،جس میں ملک میں مضبوط، پائیدار اور سب کے لئے دستیاب غذائی نظام کے قیام پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اس موقع پر حکومتی نمائندے، ترقیاتی شراکت دار، محققین، طلباء اور نجی شعبے کے نمائندے موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین تھے۔ انہوں نے پاکستان کے غذائی نظام کی تبدیلی میں حکومت کی وابستگی اور کوششوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بااختیار بنانا، محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی کو یقینی بنانا اور تمام شراکت داروں کے درمیان تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔

تقریب کا اہم حصہ ایک اعلیٰ سطح کا پینل مباحثہ تھا ،جس کا موضوع ’’غذائی نظام کی تبدیلی کے لئے باہمی تعاون‘‘ تھا۔ اس کی صدارت ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ قومی تحفظِ خوراک و تحقیق ڈاکٹر قاسم کاکڑ نے کی۔ پینلسٹس میں ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر عالمی ادارہ برائے خوراک لندیتا بارے،کنٹری پروگرام تجزیہ کار،بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی عائشہ قریش، آفیسر انچارج ادارہ خوراک و زراعت اقوام متحدہ پاکستان جیمز رابرٹ اوکوتھ اور وفاقی سیکرٹری وزارتِ قومی تحفظِ خوراک و تحقیق امیر محی الدین شامل تھے۔

پینل میں کسانوں کی امداد، پیداوار میں اضافہ اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے پر غورکیاگیا ۔ پینلسٹس نے جدید حل، شواہد پر مبنی اقدامات اور مختلف شعبوں میں مربوط تعاون کی ضرورت پر زور دیاہے۔اسلام آباد کے سرکاری اور نجی سکولوں میں مضمون نگاری اور پوسٹر مقابلے منعقد کئے گئےجن میں طلباء نے خوراک، صحت اور پائیدار زراعت پر تخلیقی خیالات پیش کئے۔

کامیاب طلباء کو تقریب کے دوران انعامات دیئے گئے، اس مقابلہ سے نوجوان نسل کی شمولیت اور آگاہی میں مدد ملی۔تقریب میں نمائش بھی رکھی گئی جس میں طلباء کے فن اور زراعت کے جدید طریقوں کو پیش کیا گیا جس سے شرکاء کو خیالات کے تبادلے اور معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔عالمی یوم خوراک 2025 نے یہ پیغام دیا کہ غذائی نظام کی تبدیلی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس کے لئے تعاون، جدت اور ہر شعبے کی فعال شرکت ضروری ہے۔