ڈریم سپورٹس گروپ کے زیر اہتمام جمعہ سے ’’ڈریم فیسٹ 2025‘‘ کا آغاز ہو گا، کھیل، ثقافت اور تفریح کا حسین امتزاج، سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے چیئریٹی فٹ بال میچ بھی ہوگا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ڈریم سپورٹس گروپ کے زیر اہتمام (کل) جمعہ سے تین روزہ’’ڈریم فیسٹ2025‘‘ جناح سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ معروف شخصیات اور سفارتکاروں کے مابین فٹ بال میچ کے علاوہ مختلف کھیلوں کے مقابلے، میوزک و کلچرل شو کے علاؤہ مختلف انٹرٹینمٹ سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔ کھیلوں کے مقابلوں کے 50 فیصد ٹکٹس کی رقم سیلاب متاثرین کے لئے ہو گی۔

رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے دیگر شرکاء کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین روزہ فیسٹیول 17، 18 اور 19 اکتوبر 2025 کو جناح سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ ڈریم فیسٹ میں سپورٹس مقابلے، شاندار کنسرٹس، ای-گیمنگ، فیملی فیسٹیولز، کلچرل شوکیسز اور پاکستان کے نامور فنکاروں اور غیر ملکی سفارتکاروں کے درمیان ایک چیئریٹی فٹ بال میچ شامل ہوگا جس سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

کنسرٹس میں پرفارم کرنے والے فنکاروں میں نمرہ مہرا، سمر جعفری، ینگ اسٹنرز، ہاوی اور دیگر شامل ہوں گے۔انہوں نے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے کھیل، ثقافت اور تفریح کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کیا جو کہ پاکستان میں امن، یکجہتی اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے کی ایک مثبت کاوش ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس نہ صرف عوام کو صحت مند تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت اور نرم تشخص بھی دنیا کے سامنے اجاگر کرتے ہیں۔

نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ کھیلوں اور ثقافتی میلوں میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت منفی سوچ کو ختم کرنے، ٹیلنٹ کو آگے لانے اور قومی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پاکستان کی ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ڈریم سپورٹس گروپ کے ایم ڈی محمد عمران نے کہا کہ یہ سپورٹس یا کلچرل شو نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، معاشرے کے تمام طبقات کو یکجا کرنے کا موقع بھی ہے۔

برونائی کے سفیر پنگیران حاجی کمال نے کہا کہ منفرد سپورٹس، کلچرل تقریب کا حصہ بننے پر خوشی محسوس کررہا ہوں،یہ ایونٹ نوجوانوں کے لئے ایک بہترین موقع ہوگا۔دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ ’’ڈریم فیسٹ 2025‘‘ نہ صرف تفریح اور کھیلوں کا سنگم ہے بلکہ یہ نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان دنیا بھر میں اپنی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم سے مثبت پہچان بنا رہے ہیں اور ایسے ایونٹس انہیں مزید حوصلہ اور پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ معاشرتی تبدیلی میں فعال کردار ادا کرسکیں۔شرکاء نے کہا کہ کھیل، ثقافت اور موسیقی کا امتزاج ایک ایسے پاکستان کی عکاسی کرتا ہے جو امن، برداشت اور بھائی چارے کا پیامبر ہے۔

ان کے مطابق ’’ڈریم فیسٹ 2025‘‘ جیسے میلوں کے انعقاد سے نہ صرف ملکی سطح پر تفریحی اور سماجی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کے مثبت اور پرامن تشخص کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے نوجوانوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی توانائیاں مثبت سمت میں صرف کریں اور ایک بہتر پاکستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔