مودی حکومت مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا اپنا وعدہ پورا کرے ، عمر عبداللہ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا اپنا وعدہ پورا کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں حکومت کوایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو امید تھی کہ انکی حکومت کے پہلے سال میں ہی مودی حکومت ریاستی حیثیت کی بحالی کا کا اپنا وعدہ پورا کرے گی تاہم ایسانہیں کیاگیا۔

انہوں نے یقین ظاہرکیاکہ ریاستی حیثیت کی بحالی کے بعد کشمیریوںکو درپیش تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں بھارتی پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں کشمیری عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کریں۔

(جاری ہے)

عمر عبداللہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے پہلے ہی اسمبلی اجلاس میں منظور کردہ ایک قرارداد کے ذریعے جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک سیاسی نعرہ نہیں ہے بلکہ یہ کشمیریوں کا بنیادی مطالبہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے بارہا کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت ’’مناسب وقت‘‘پر بحال کی جائے گا، تاہم اس سلسلے میں کوئی ٹائم لائن مقرر نہیں کی گئی ہے۔