ڈپٹی کمشنر کی نہری پانی پر غیر قانونی پمپس لگانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت رکھ برانچ کینال روڈ کے کنارے نصب موٹر پمپوں کے ذریعے پانی نکالنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے نہری پانی پر غیر قانونی پمپس لگانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ نہری پانی عوامی ملکیت ہے اسے چند افراد کے ذاتی استعمال کے لیے ہتھیانا برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام غیر قانونی پمپس ہٹا کر پانی شہریوں کو پینے کیلئے مفت فراہم کیا جائے۔نہری پانی عوامی فلاح کیلئے استعمال ہونا چاہیے کسی کو ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے غیر قانونی پانی کے اخراج کے تدارک کیلئے جامع ایکشن پلان طلب کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایم ڈی واسا،سی او کارپوریشن،محکمہ انہاراور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

بعدازاں دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں 4، 6 اور 8 نومبر کو ڈے اینڈ نائٹ ون ڈے میچز کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے تمام محکموں کو احکامات جاری کئے۔ اجلاس میں پاک آرمی افسران، پولیس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،سپورٹس،ہیلتھ،واسا، ریسکیو 1122،سیف سٹی اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔