Live Updates

افغان اکاؤنٹس کا میزائل تجربے کا دعویٰ بھی جھوٹا نکلا، شمالی کوریا کی 2023 کی تصویر شیئر کرتے رہے

افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد بھی فیک نیوز پھیلاتے رہے، حیران کن طور پر اپنے ہی زیر استعمال ٹینک کو پاکستانی قرار دیکر قبضے کا جھوٹا دعویٰ کیا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے دوران بھی فیک نیوز کا سلسلہ جاری رہا ،بھارتی اکاؤنٹس سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلاتے نظر آئے تو افغان اکاؤنٹس بھی کسی صورت پیچھے نا رہے۔افغان حکومت اور افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد تک فیک نیوز پھیلاتے رہے اور حیران کن طور پر اپنے ہی زیر استعمال ٹینک کو پاکستانی قرار دیکر قبضے کا جھوٹا دعویٰ کیا۔

افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ایک میزائل کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ ’افغانستان کی دفاعی افواج نے کامیابی کے ساتھ ایک ایسا میزائل آزمایا ہے جو 400 کلومیٹر کے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر اسی میزائل کی تصویر کے ساتھ فیک نیوز کی بھرمار ہوگئی تاہم جیو ڈیجیٹل نے اس تصویر کی ریورس سرچ کی تو یہ سامنے آیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مذکورہ تصویر شمالی کوریا کے فروری 2023 میں کیے گئے دور مار کروز میزائل کے تجربے کی ہے۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا نے 23 فروری کو مشقوں کے دوران چار میزائلوں کا تجربہ کیا تھا اور افغان طالبان سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے انہی میں سے ایک میزائل کی تصویر کا ایک حصہ کاٹ کر فیک نیوز کیلئے استعمال کیا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے 24 فروری 2023 کو شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے میزائل تجربات کی خبر رپورٹ کی۔شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کی فوج نے 23 فروری 2023 کو میزائل لانچ کرنے کی مشقوں کے دوران 4 Hwasal-2 کروز میزائل فائر کیے۔اس کے علاوہ کورین نیوز ایجنسی کی جانب سے بھی میزائل تجربے کی تصویر بھی جاری کی گئی جس میں میزائل کو لانچر سے فائر ہوتا دیکھا جا سکتا ہے اور یہی تصویر افغان اکاؤنٹس نے استعمال کی۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات