ابراہام معاہدے میں جلد مزید ممالک شامل ہوں گے، ٹرمپ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 20:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں جلد ہی ابراہام معاہدے میں توسیع کی توقع ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ سعودی عرب بھی اس معاہدے میں شامل ہوگاجس کی وجہ سے اسرائیل اور کچھ عرب ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آئے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے فاکس بزنس نیٹ ورک پر جمعہ کو نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہاکہ میں امید کرتا ہوں کہ سعودی عرب اس میں شامل ہو، اور میں چاہتا ہوں کہ دوسرے ممالک بھی شامل ہوں۔

میرا خیال ہے کہ جب سعودی عرب شامل ہوگا تو سب شامل ہو جائیں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بدھ کے روز تک ان ممالک کے ساتھ بہت اچھی بات چیت کی ہے جنہوں نے معاہدوں میں شامل ہونے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ وہ سب بہت جلد شامل ہو جائیں گے۔‘ امریکی صدر کا یہ انٹرویو جمعرات کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین نے 2020 میں ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں پہلی مدتِ صدارت کے دوران اس معاہدے پر دستخط کیے تھے اور چوتھائی صدی بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والے پہلے عرب ممالک بن گئے تھے۔

اس کے بعد مراکش اور سوڈان بھی شامل ہوئے۔ٹرمپ جنہوں نے غزہ کی پٹی کے مستقبل پر بات چیت کرنے کے لیے مصر میں مسلم اور یورپی رہنماؤں کا اجلاس بلایا تھا، نے اپنے منصوبے کو غزہ پر حملے کے خاتمے اور وسیع تر علاقائی امن کے قیام کا محرک قرار دیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مزید ممالک ابراہام معاہدے کی مہم میں شامل ہوں گے اور یہاں تک کہ مشرقِ وسطیٰ کے دیرینہ دشمنوں ایران اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے امکان کی تجویز بھی دی، اور اسرائیلی پارلیمان سے کہا کہ ان کا خیال ہے ایران امن چاہتا ہے۔