بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ماحولیاتی سفارتکاری اور تعاون پر سیمینار

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ایس ڈی جیز گروپ نے سینٹر آف پاکستان اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے تعاون سے ’’ماحولیاتی سفارت کاری اور ماحولیاتی تعاون‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کی افتتاحی تقریب میں چیئرپرسن شعبہ سیاست و بین الاقوامی تعلقات اور ایس ڈی جیز گروپ کی سربراہ ڈاکٹر نور فاطمہ نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے ماحولیاتی آلودگی میں انسانی سرگرمیوں جیسے کہ جنگلات کی کٹائی اور فوسل فیول کے استعمال کے کردار پر روشنی ڈالی اور قابلِ تجدید توانائی کی طرف منتقلی کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر سینٹر فار کلائمیٹ ڈپلومیسی ڈاکٹر آمنہ منور نے عالمی سطح پر ماحولیاتی چیلنجز اور پاکستان کو درپیش مالی مشکلات کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بین الاقوامی تعاون، ماحولیاتی تحفظ اور صفائی کی اہمیت پر زور دیا۔

ماحولیاتی اور غذائی تحفظ کے ماہر ڈاکٹر عثمان مصطفیٰ نے پاکستان میں غربت اور غذائی قلت کے بڑھتے ہوئے مسائل پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بارشوں کے نظام میں تبدیلی نے مسائل کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سبز ترقی کے لئے مالی سرمایہ کاری ضروری ہے‘‘۔ اختتامی کلمات میں ڈین فیکلٹی آف سوشیال سائنسز ڈاکٹر منظور خان آفریدی نے ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبوں اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ماحولیاتی سفارت کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مقررین، ڈاکٹر نور فاطمہ، ڈاکٹر آمنہ منور اور ڈاکٹر عثمان مصطفیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیشن کی ناظمہ ڈاکٹر سارہ عامر اور فوکل پرسن ڈاکٹر مریم صدیقہ کی خدمات کو بھی سراہا۔