لداخ،انتظامیہ نے’’ لیہہ اپیکس باڈی‘‘ کے شریک چیئرمین کو گھر میں نظر بند کر دیا، انٹرنیٹ سروس معطل

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 14:57

لیہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں لداخ خطے کے علاقے لیہہ میں انتظامیہ نے لیہہ اپیکس باڈی کے شریک چیئرمین چیرنگ ڈورجے لاکروک کو گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے ضلع لیہہ میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ’’ لیہہ اپیکس باڈی‘‘ نے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے گزشتہ ماہ کی 24تاریخ کو ہلاک ہونے والے چار پر امن مظاہرین کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی ، ریاستی درجے کی فراہمی ، چھٹے شیڈول کے نفاذ اور زیر حراست نوجوانوں کی رہائی کے مطالبے پر زور دینے کیلئے لداخ میں پر امن مارچ کی کال دی تاہم ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رومیل سنگھ ڈونک نے پرامن مارچ کو روکنے کیلئے علاقے خاص طورپر لیہہ میں پابندیاں عائد کر نے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

چیرنگ ڈورجے لاکروک نے ذرائع ابلاغ کو فون پر بتایا کہ انہیں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا ہے اور باہر قدم رکھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لوگوں کے فون آ رہے ہیں جو مجھے بتا رہے ہیں کہ انہیں مارچ میں شرکت کیلئے لیہہ قصبے کی طرف آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی فورسز نے 24ستمبر کو لیہہ میں مظاہرین پر گولیاں برسا کر چار افراد قتل کر دیے تھے ۔ مووی حکومت نے لداخ خطے کے لوگوں کے حقوق کے لیے سرگرم معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو بھی بھارتی ریاست راجستھان کی جودھ پور سینٹرل جیل میں قید کررکھا ہے۔