انتظامیہ کی مارچ کو روکنے کیلئے لیہہ میں سخت پابندیاں نافذ،سرینگر میں احتجاجی مظاہرے،بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، حریت کانفرنس

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 21:10

لیہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر میں لداخ خطے کے ضلع لیہہ میں انتظامیہ نے پر امن مارچ کو روکنے کیلئے آج سخت پابندیاں نافذ کر دیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مارچ کی کال '' لیہہ اپیکس باڈی'' نے دی تھی جسکا مقصد بھارتی فورسز کی فائرنگ سے گزشتہ ماہ کی 24تاریخ کو ہلاک ہونے والے چار مظاہرین کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ، ریاستی درجے کی فراہمی ، چھٹے شیڈول کے نفاذ اور زیر حراست نوجوانوں کی رہائی کے مطالبے پر زور دینا تھا ۔

تاہم ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے مارچ کو روکنے کیلئے پابندیاں عائد کر نے کے احکامات جاری کر دیے۔انتظامیہ نے لیہہ اپیکس باڈی کے شریک چیئرمین چیرنگ ڈورجے لاکروک کو بھی گھر میں نظر بند کر دیا جبکہ پورے لداخ میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا سرینگر کے علاقے سولنہ میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

لوگوں نے علاقے میں سڑک کی ناقص تعمیر پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کام مکمل ہونے کے صرف ایک دن بعد ہی سڑک پھر اکھڑنا شروع ہو گئی ہے۔مظاہرین نے ناقص تعمیر کے ذمہ داروں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔کانگریس کی مقبوضہ جموں و کشمیر شاخ نے ریاستی درجے کی بحالی کیلئے سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے کی قیادت پارٹی صدر طارق حمید قرہ نے کی ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اگست 2019میں جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے کشمیریوں کو آئینی وجمہوری حقوق سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموںو کشمیر میں پر جاری غیر قانونی بھارتی قبضے اور کشمیری عوام کے خلاف اسکی ننگی جارحیت سے پورا خطہ مسلسل ایک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

انہوں نے کشمیریوں پر وحشیانہ بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو نشانہ بنانے اور علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے بھارتی فوج اور پیر املٹری کی سرپرستی میں ہندو توا گرپوں کو متحرک کر دیا ہے ۔ ترجما ن نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کرے اور انہیں انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دے۔