پاکستان کی غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے یوگنڈا میں 19ویں وزارتی وسط مدتی اجلاس میں شرکت، عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ میں غیر وابستہ تحریک کے کردار پر زور

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 21:30

کمپالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) پاکستان نے غیر وابستہ ممالک کی تحریک (این اے ایم) کے یوگنڈا میں عالمی خوشحالی کے لیے مشترکہ تعاون کو مزید گہرا کرنا کے موضوع پر ہونے والے 19ویں وزارتی وسط مدتی اجلاس میں شرکت کی۔ پاکستان کے وفد کی قیادت اسپیشل سیکریٹری (اقوامِ متحدہ) نبیل منیر نے کی ۔ وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری نبیل منیر نے عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ میں غیر وابستہ تحریک کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز خصوصاً جموں و کشمیر اور فلسطین کے غیر حل شدہ تنازعات اور ماحولیاتی بحران کے تناظر میں این اے ایم کا کردار پہلے سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے غیر ملکی تسلط کے تحت عوام کے حقِ خود ارادیت کے اصولی مؤقف پر تحریک کی حمایت کے عزم کو دہراتے ہوئے جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا اور جنگی بیانیے کی مذمت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہونے والی دوطرفہ ملاقاتوں میں نبیل منیر نے یوگنڈا کے وزیرِ خارجہ اودونگو جے جے ابوبکر اور دیگر این اے ایم کے رکن ممالک کے رہنماؤں سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

فلسطین پر این اے ایم کی وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں نبیل منیر نے غزہ پر شرم الشیخ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا اور قطر، مصر، ترکیہ اور امریکہ کی ثالثی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ مکمل اسرائیلی انخلا، انسانی امداد کی فراہمی اور تعمیرِ نو کی راہ ہموار کرے گا ۔انہوں نے 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کو دارالحکومت بناتے ہوئے ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر کمپالا اعلامیہ اور ایک جامع اختتامی دستاویز منظور کی گئی جس میں مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔اجلاس 15 تا 16 اکتوبر 2025ء کو یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں ہوا ۔ قبل ازیں 13 تا 14 اکتوبر کو سینئر حکام کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔