دوسری میمن لیڈر شپ کانفرنس کی21اکتوبر سے کینیا کے شہر ممباسہ میں تیاریاں

پاکستان،ساؤتھ افریقہ، امریکا،برطانیہ،کینیڈا،تھائی لینڈ اوردیگر ممالک سے میمن لیڈر شریک ہونگے

اتوار 19 اکتوبر 2025 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) دوسری میمن لیڈر شپ کانفرنس کا انعقاد 21اکتوبر اور22کتوبرکوکینیا کے شہر ممباسہ میں پرائڈان ،پیراڈائز ہوٹل میں ہوگا۔میمن لیڈر شپ کانفرنس میں پاکستان چیپٹر سے تقریبا 25 سے 30 افراد شریک ہونگے ، اس کے علاوہ بنگلہ دیش ،ساؤتھ افریقہ ،موزمبیق، امریکا،برطانیہ، سعودی عرب،کینیڈا،تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک سے بھی میمن لیڈر شرکت کررہے ہیں۔

اس حوالے سے کانفرنس کے آرگنائزر، اورمیمن لیڈر شپ کانفرنس ایسٹ افریقہ چیپٹر کے چیئرمین اور رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین رفیق سلیمان نے بتایا کہ دنیا بھر سے مختلف ممالک چیپٹرز کے چیئرمین ور وہاں کے کونسل کے ممبرز کینیا پہنچ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پہلی میمن لیڈر شپ کانفرنس 19 جنوری سے 22 جنوری 2020 میں کراچی ہوئی تھی،اس کانفرنس کا بنیادی مقصد میمن لیڈرز کو یکجا کرنا اور ایک دوسرے کے مسائل سے آگاہی سمیت تبادلہ خیال کرنا ہے جبکہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ تمام میمن لیڈرز ایک دوسرے سے رابطے میں آجائیں اور اپنے بزنس ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرکے میمن کمیونٹی کو مضبوط بنا سکیں۔

رفیق سلیمان نے بتایا کہ دنیا بھر کی میمن لیڈر شپ کراس بارڈر ٹریڈ کے حوالے سے بھی بات چیت کرے گی اور ٹیکنالوجی کے ٹرانسفرز کیلئے بھی تبادلہ خیال ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے معروف سرمایہ کار عقیل کریم ڈھیڈھی،عبدالرحیم جانو اوردیگر معروف میمن لیڈرزکانفرنس میں شرکت کریں گے۔