آل پاکستان انٹر یونیورسٹی زون سی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر، غلام اسحاق خان یونیورسٹی کے کھلاڑیوں کی کامیابی

اتوار 19 اکتوبر 2025 17:30

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تحت آل پاکستان انٹر یونیورسٹی زون سی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ2025-26اختتام پذیر ہو گئی۔ چمپیئن شپ میں خیبر پختونخواہ یونیورسٹیوں کی 9ٹیبل ٹینس ٹیموں نے حصہ لیا۔ ان مقابلوں کے فائنل ہزارہ یونیورسٹی اورغلام اسحاق خان یونیورسٹی صوابی کے مابین کھیلے گئے جس میں سنگل اور ڈبل کیٹگری میں غلام اسحاق خان یونیورسٹی کے کھلاڑیوں نے کامیابی حاصل کی۔

اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کامیاب ہونے والی ٹیبل ٹینس ٹیموں اور کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹ اور انعامات تقسیم کئے۔ وائس چانسلر نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو طلباء و طالبات کی ذہنی و جسمانی نشونما کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس سید خالد جلال شاہ اورسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے دیگر عہدیدران کو چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلبا کے لئے کھیلوں سمیت دیگر صحت مندانہ اور ہم نصابی سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ آل پاکستان انٹر وارسٹی ٹیبل ٹینس کا فائنل راؤنڈ بھی ہزارہ یونیورسٹی میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان بھر سے کوالیفائی کرنے والی یونیورسٹیاں شرکت کریں گی اور کامیاب ہونے والی یونیورسٹی نیشنل گیمز میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندگی کرے گی۔