احد چیمہ کی زیر صدارت اجلاس، علاقائی تجارت کو بڑھانے کے لیے رابطہ جات اور علاقائی رابطہ کانفرنس پر تبادلہ خیال

پاکستان ریل اور سڑک دونوں نیٹ ورکس کے ذریعے علاقائی رابطہ کاری کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، وفاقی وزیر کی گفتگو

پیر 20 اکتوبر 2025 18:55

احد چیمہ کی زیر صدارت اجلاس، علاقائی تجارت کو بڑھانے کے لیے رابطہ جات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت آج علاقائی تجارت کو بڑھانے کے لیے بہتر رابطہ جات کی حکمت عملیوں پر مرکوز اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں علاقائی تجارتی راہداریوں کی صلاحیت بڑھانے پر خاص توجہ دی گئی۔ اجلاس میں رواں ہفتے اسلام آباد میں ہونے والی ریجنل کنیکٹیویٹی کانفرنس (علاقائی رابطہ کانفرنس) کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور متعلقہ وزارتوں کے سینیئر افسران نے شرکت کی۔متعلقہ وزارتوں کے حکام نے شرکاء کو علاقائی رابطہ کی شروعات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں تجارتی راہداریوں کو مضبوط بنانے اور علاقائی تجارت کے لیے انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ نے زور دیا کہ پاکستان ریل اور سڑک دونوں نیٹ ورکس کے ذریعے علاقائی رابطہ کاری کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والی علاقائی رابطہ کانفرنس میں اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے جو علاقائی رابطہ کاری اور معاشی انضمام کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔اس کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے افسران نے وفاقی وزراء کو رواں ہفتے اسلام آباد میں ہونے والی علاقائی رابطہ کانفرنس کی تیاریوں پر رپورٹ پیش کی۔

اس کانفرنس میں ترکی، سعودی عرب، ایران، مالدیپ، سری لنکا، بیلاروس سمیت تقریباً 10 ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔ تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ یہ کانفرنس پہلی بار اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے اور اہم ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔