امریکی صدر کا ایک بار پھر پاک بھارت جنگ روکنے کا دعویٰ

منگل 21 اکتوبر 2025 17:43

امریکی صدر  کا  ایک بار پھر پاک بھارت جنگ روکنے کا دعویٰ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ میں بھارت کے سات طیارے گرائے گئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے دعوی کیا کہ انہوں نے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے کر دونوں جوہری طاقتوں کو جنگ روکنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے دوران بھارت کے سات طیارے مار گرائے اور دونوں کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے لاکھوں جانیں بچانے پر ان کی تعریف کی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان پر 200فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی تھی جس سے وہ جنگ روکنے پر مجبورہوئے ۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک سے کہا کہ ہم 200 فیصد ٹیرف لگائیں گے، جس سے آپ کے لئے کاروبار کرنا ناممکن ہو جائے گا اور ہم آپ کے ساتھ تجارت نہیں کریں گے۔امریکی صدر نے مزیدکہا کہ 24گھنٹے بعد انہوں نے جنگ رکوا دی۔ 10مئی کو جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیاتھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، اس کے بعد سے وہ درجنوں بار یہ دعوی دہرا چکے ہیں کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازع حل کروانے میں مدد کی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے مئی کی جنگ میں بھارت کی بلااشتعال جارحیت کو ناکام بناتے ہوئے سات بھارتی طیاروں کو مار گرایاتھا جن میں تین جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے ۔