این ڈی ایم اے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے کی نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد سے گفتگو

جمعرات 23 اکتوبر 2025 19:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم لگایا گیا ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی ڈونرز کو آگے آنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے این ای او سی میں وفد کا استقبال کیا۔ وفد کو این ڈی ایم اے کے صلاحیتوں ،دائرہ کار اور آفات سے نمٹنے کے فعال نظام پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

شرکاء کو قومی سطح پر ایمرجنسی رسپانس، وارننگ سسٹم اور عوامی آگاہی مہم کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔

این ڈی ایم اے ماہرین نے وفد کو این ای او سی متعدد خطرات کی قبل پیشگی آگاہی کے منظم نظام پر بریفنگ دی۔اس دوران بتایا گیا کہ خطرات کی پیشگی آگاہی کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو بھی بر وقت معلومات فراہم کی جار رہی ہیں تا کہ بر وقت اقدامات یقینی بنائے جا سکیں ۔ بلوچستان کے وفد نے این ڈی ایم اے کے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

وفد نے آفات کی پیشگی تیاری اور کوآرڈینیشن کے لئے این ڈی ایم اے کے مؤثر اقدامات کو سراہا۔ دورے کے اختتام پر وفد اور این ڈی ایم اے حکام کے درمیان باہمی مشاورت کا سیشن منعقد ہوا جس میں بلوچستان میں ضلعی و صوبائی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ استعداد بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ این ڈی ایم اے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم لگایا گیا ہے،بارشوں سے متعلق پیشگی اطلاعات کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے، رواں سال عالمی سطح پر گذشتہ سال کی نسبت موسمیاتی تبدیلیوں سے 32 فیصد زیادہ نقصانات ہوئے، پاکستان کو بیک وقت شدید بارشوں، ہیٹ ویو اور خشک سالی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی ڈونرز کو آگے آنا ہو گا۔