حکومت اصلاحات کے تسلسل اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے پر عزم ہے،احمد چیمہ

بدھ 6 مئی 2026 18:19

حکومت اصلاحات کے تسلسل اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہاہے کہ حکومت اصلاحات کے تسلسل اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے پر عزم ہے، عالمی بینک کے تعاون سے سیلاب اور دیگر موسمیاتی خطرات کے اثرات کو کم کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔وہ بدھ کو یہاں پاکستان میں عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

ملاقات میں عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عملدرآمد اور اس کے اہداف کے حصول کے لئے وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں آن بورڈ ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے حکومت کی جاری کوششوں کو سراہا۔

وفاقی وزیرنے بتایا کہ حکومت اصلاحات کے تسلسل اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ ملاقات میں بچوں میں غذائی قلت (سٹنٹنگ) کے خاتمے کے لئے پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرنے کہاکہ عالمی بینک کے تعاون سے سیلاب اور دیگر موسمیاتی خطرات کے اثرات کو کم کرنے کے لئے کام کررہے ہیں، صاف اور پائیدار توانائی کے نظام کی جانب منتقلی کے لئے اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ملاقات میں نجی شعبے کی پیداواری اور شمولیتی سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیرنے کہاکہ عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پالیسی کے تسلسل اور اصلاحات کے موثر نفاذ میں پر عزم ہے۔ عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے کہاکہ عالمی بینک پاکستان کی طویل مدتی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔