مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم کی زیرصدارت تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس

پیر 1 دسمبر 2025 19:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم کی صدارت میں فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ضلعی اور پی ایس کے عہدیداروں کا اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی امور ، اضلاع میں پارٹی ڈھانچے کی مضبوطی اور عوامی رابطہ مہم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے ہدایت کی کہ ضلعی سینٹرل میں مکمل تنظیم سازی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے اور عوام کے ساتھ رابطوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے علاقے کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ، جس کے باعث پورا علاقہ ترقیاتی کاموں کے نہ ہونے سے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

سردار عبدالرحیم نے کہا کہ صاف پینے کا پانی تک عوام کو میسر نہیں شہری پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں ، علاقوں کو گٹکے اور منشیات فروشوں کے حوالے کر دیا گیا ہے، نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ، سرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت میں صحت کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں ، مریض علاج کے لیے دربدر پھر رہے ہیں ، جبکہ تعلیمی اداروں میں سہولیات کا فقدان ہے جس کے باعث غریب عوام کے بچے تعلیم سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام مسائل بدانتظامی ، غفلت اور نااہلی کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں ، جبکہ حکمران صرف دعووں اور اعلانات تک محدود ہیں۔ سردار عبدالرحیم نے واضح کیا کہ مسلم لیگ فنکشنل عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ضلع سینٹرل سمیت سندھ بھر میں تنظیم کو فعال بنا کر عوام کے حقوق کی ترجمانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل کے لیے فنکشنل لیگ میں شمولیت اختیار کریں اور پیر صاحب پگارا کی قیادت میں کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس میں فنکشنل لیگ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر شاھین خان ایڈووکیٹ اسلم یونس یورید شھادت لاریب وقار فصل کلاسک محمد اسامہ قریشی ارشد صدیقی ناصر میمن اور دیگر پی ایس کے صدور نے شرکت کی