یونیورسٹی آف سرگودھا اور معروف جاپانی کمپنی آئی ڈی مٹسو کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

پیر 9 فروری 2026 22:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2026ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس یونیورسٹی آف سرگودھا اور معروف جاپانی کمپنی آئی ڈی مٹسو کے زیر اہتمام ایک روزہ خصوصی سیمینار ”جاپانی طریقہ کارکردگی، مقصد اور درستگی“ اور یونیورسٹی سپورٹس گالا 2024-25 میں بہترین کارکردگی کے حامل شعبہ جات کو انعامات دینے کی خصوصی تقریب ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں منعقد کی گئی۔

سیمینار کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور معروف جاپانی کمپنی آئی ڈی مٹسو کے سینئر ایڈوائزر مسٹرساتوشن مہمان اعزاز تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ جن اقوام نے دنیا میں اپنا نام بنایا ہے اور ترقی کی ہے انہوں نے ہمیشہ نظم و ضبط کو اپنا شعار بنایا۔

(جاری ہے)

پابندی وقت اور نظم و ضبط کے بغیر ہم کسی بھی شعبہ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم مقصد اور کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے ذہنوں میں نشان منزل کو تازہ کرتے ہوئے مستقل مزاجی، ہمت اور دیانت داری سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں جاپان اسی لئے ایک کامیاب اور ترقی یافتہ ملک ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ نظم و ضبط اور کامیابی کو اپنا ہتھیار بنایا ہے، یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کی معیشت جاپان کے ارد گرد گھومتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی علم اور تحقیق کے میدان میں کامیابی کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے جس کی واضح مثال گذشتہ چوبیس برسوں سے کامیاب سپورٹس گالا کا انعقاد کرنا ہے اور اس کا تمام سہرا ڈائریکٹر سپورٹس یونیورسٹی آف سرگودھا مہر احمد خان ہرل اور ان کی پوری ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے کھیلوں کے میدان میں سرگودھا یونیورسٹی کا پرچم ہمیشہ سربلند رکھا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس موقع پر سرگودھا کے معروف تاجر شاہد محمود کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے ہم سپورٹس کے کامیاب ایونٹس منعقد کروانے میں کامیاب رہے۔ تقریب میں وائس چانسلر نے آئی ڈی مٹسو کے سینئر ایڈوائزر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی میں ان ڈور کھیلوں کے لئے ہمیں ایک جمنیزیم کی اشد ضرورت ہے اور اگر جاپانی کمپنی ہمارے ساتھ تعاون کرے تو ہم طالب علموں کے لئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ان ڈور جمنیزیم بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی ڈی مٹسو کے پاکستان میں سینئر ایڈوائزر مسٹرساتوشن نے کہا کہ پاکستان ایک بہت مہمان نواز اور پرامن ملک ہے جس میں آکر ہمیشہ بہت خوشی ہوتی ہے جس کے باعث ہماری کمپنی کو کاروبار کرنے کے وسیع مواقع مل رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر جاپانی کہاوت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ چھوٹی چیزوں کا خیال رکھیں تو آپ بڑے مسائل پر آسانی سے قابو پاسکتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں چھوٹے کاروبار بھی آج بہت تیزی سے ترقی کررہے ہیں اور ہماری کمپنی اس حوالے سے بہت کامیاب جارہی ہے۔

مسٹر ساتوشن نے مزید کہا کہ آج کے اس سیمینار اور سپورٹس گالا کی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہے،وائس چانسلر نے ہمیں یونیورسٹی آف سرگودھا کے بارے میں جو بتایا وہ بہت متاثر کن ہے اور میں یہاں کا ڈسپلن اور یونیورسٹی کی عمارات، کھیلوں کے میدان، لائبریری اور تعلیمی بلاکس کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔ معروف تاجر اور سماجی رہنماء شاہد محمود نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی ان ڈور جمنیزیم کی خواہش کو بھرپور سراہا اور کہا کہ ہم جلد جاپانی کمپنی کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔

تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور مسٹر ساتوشن نے سپورٹس گالا 2024-25 میں مجموعی طور پر اوّل، دوم اور سوم آنے والے شعبہ جات اور غیر معمولی کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر چیئرمین ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ سپورٹس کمیٹی سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس، ڈائریکٹر ملک نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد، پرنسپل کالج آف ایگری کلچر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا، یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے صدور، افسران، طالب علم اور آئی ڈی مٹسو کمپنی کے فیضان قریشی، ارسلان نوید، معروف تاجر ساجد تارڑ، مرزا فضل الرحمن اور عبداللہ وڑائچ بھی موجود تھے۔