پی اے ایف کی ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شرکت، جے ایف-17 بلاک III اور سپر مشاق کی نمائش

منگل 10 فروری 2026 20:01

پی اے ایف کی ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شرکت، جے ایف-17 بلاک III اور سپر مشاق ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2026ء) پاکستان ایئر فورس کا دستہ سعودی عرب میں منعقد ہونے والے ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شرکت کر رہا ہے، جہاں جدید جے ایف-17 تھنڈر بلاک-III ملٹی رول فائٹر طیارہ اور سپر مشاق بنیادی تربیتی طیارہ پیش کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ عالمی نمائش دفاع اور سکیورٹی کے شعبے کا ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم تصور کی جاتی ہے۔

اس نمائش میں شرکت پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی مقامی فضائی و دفاعی ٹیکنالوجی، آپریشنل مہارت اور قابلِ اعتماد دفاعی حل کی عکاسی کرتی ہے۔ جے ایف-17 بلاک-III جدید ایویونکس، جدید اے ای ایس اے ریڈار، بہتر الیکٹرانک وارفیئر سسٹم اور بیونڈ وڑول رینج صلاحیتوں سے لیس ہے، جو اسے جدید فضائی جنگی تقاضوں کے مطابق ایک مؤثر 4.5 جنریشن لڑاکا طیارہ بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپر مشاق تربیتی طیارہ اپنی مضبوطی، کم لاگت، آسان دیکھ بھال اور مؤثر تربیتی صلاحیتوں کے باعث عالمی سطح پر شہرت رکھتا ہے اور متعدد دوست ممالک کی فضائی افواج میں کامیابی سے شامل کیا جا چکا ہے۔پی اے ایف کی ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں موجودگی دفاعی تعاون کے فروغ، دفاعی برآمدات کے امکانات بڑھانے اور دوست ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔ نمائش کے دوران بین الاقوامی وفود، دفاعی حکام اور عسکری صنعت سے وابستہ شخصیات پی اے ایف نمائندگان سے ملاقاتیں کریں گی اور تربیت، ٹیکنالوجی منتقلی اور مشترکہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔