حج 2027 کی تیاری’’اینڈ ٹو اینڈ‘‘ڈیجیٹل ماڈل نافذ کرنے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مابین مفاہمتی یاداشت کے معاہدے پر دستخط

منگل 24 فروری 2026 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2026ء) وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں حج آپریشنز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ آئی ٹی کے درمیان حج ڈیجیٹلائزیشن کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ خواجہ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مفاہمتی یادداشت پر جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل آئی ٹی بورڈ کے سی ای او فیصل اقبال رتیال، ممبر آئی ٹی اسفندیار خان، ڈپٹی سیکرٹری حج آپریشن فہد احمد، ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ محمد،اویس اور انچارج حج آئی ٹی سیل محمد جمیل الرحمن بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حج کے پورے نظام کو مزید شفاف، مربوط اور سہل بنایا جا رہا ہے تاکہ عازمینِ حج کو ہر مرحلے پر آسانی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے غیر ضروری تاخیر اور انسانی غلطیوں کا خاتمہ ہوگا جبکہ درخواستوں کی وصولی، جانچ پڑتال اور دیگر مراحل میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئے گی بلکہ بین الاقوامی معیار کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ سال حج درخواست کی وصولی سے لے کر عازمین کی وطن واپسی تک مکمل ’’اینڈ ٹو اینڈ‘‘ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ درخواست گزاروں کے لیے ایک سادہ، جامع اور آسان فہم آن لائن حج پورٹل قائم کیا جائے گا جہاں تمام مراحل ایک مربوط نظام کے تحت مکمل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت پاک حج موبائل ایپ کو مزید مؤثر اور صارف دوست بنایا جائے گا تاکہ عازمین کو بروقت معلومات اور رہنمائی میسر آ سکے۔ پورٹل کے ذریعے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کیا جائے گا اور سعودی حکام کی جانب سے مقرر کردہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل اقدام سے حج انتظامات میں شفافیت، تیزی اور بہتری آئے گی جبکہ عازمین کو جدید سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔