ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور ترقی و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو آگے انا ہوگا ، سیدال خان ناصر

موجودہ حکومت تمام سیاسی اور سماجی طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا خطاب

ہفتہ 7 مارچ 2026 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2026ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور عوام کا یک زبان ہو کر آگے بڑھنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر اور سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ خان اور انور سیف اللہ خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مختلف ممالک کے سفرا، سابق وفاقی وزراء ، پارلیمنٹرینز، میڈیا نمائندگان، سماجی و سیاسی شخصیات اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کے دوران ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ پاکستان کو درپیش موجودہ قومی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس وقت قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، تاہم ماضی کی طرح اس بار بھی قوم کے اتحاد، اجتماعی حکمت عملی اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام سیاسی اور سماجی طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے تاکہ قومی سطح پر درپیش مسائل کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی عالمی اور علاقائی چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا ہے اور آج بھی عوام، حکومت اور ریاستی ادارے ایک صفحے پر کھڑے ہو کر ملک کے مفادات کے تحفظ اور استحکام کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کے تحفظ اور ملک کی ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں، اداروں اور عوام کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ سوچ اور قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی اور معاشی استحکام کے ایک نئے سفر پر گامزن ہے اور قوم کے اجتماعی عزم، باہمی تعاون اور اتحاد کے ذریعے ملک کو مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی قیادت، ریاستی ادارے اور عوام ذمہ داری کے احساس کے ساتھ مل کر موجودہ سیکیورٹی اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور پاکستان کو ترقی کی نئی منازل کی طرف لے جائیں گے۔اس موقع پر میزبان سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات مختلف طبقات کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔