قائداعظم کے اصولوں پر عمل سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے، پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی

منگل 17 مارچ 2026 17:37

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2026ء) ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن، نظریہ پاکستان فورم ملتان اور پنجاب گروپ آف کالجز ملتان ریجن کے زیر اہتمام پنجاب کالج رشید آباد کیمپس میں یومِ پاکستان کے سلسلے میں ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا جس میں مقررین نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کی صدارت ریجنل ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز ملتان ریجن پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ قائداعظم 20ویں صدی کے عظیم رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ وطن دیا۔ انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ ہی قیام پاکستان کی بنیاد ہے اور اسی پر عمل کر کے ملک کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ ترقی کے لیے جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کا فروغ ضروری ہے جبکہ دیانتدار قیادت کا انتخاب بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جس نے آزادی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظم کے اصولوں کو اپنائیں۔دیگر مقررین نے بھی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔