ممتاز سماجی رہنما ڈاکٹر روبینہ فیروز بھٹی کو پاک–امریکہ تعلقات کے فروغ اور سماجی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازاگیا

جمعرات 26 مارچ 2026 20:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2026ء) ممتاز سماجی رہنما ڈاکٹر روبینہ فیروز بھٹی کو پاک–امریکہ تعلقات کے فروغ اور سماجی خدمات کے اعتراف میں کانگریشنل ایپریسیشن ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ یہ اعزاز واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ پاک–امریکہ سمپوزیم کے دوران Congressional Pakistan Caucus کی جانب سے دیا گیا ،جہاں مقررین نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور سفارتی ہم آہنگی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے پاکستان میں بالخصوص پسماندہ طبقات کی معاشی بہتری، تعلیم اور سماجی ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا جبکہ ان کی کاوشوں سے عوامی و نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ ملا۔ تقریب سے خطاب میں کہا گیا کہ یہ ایوارڈ مثبت سفارتکاری اور مضبوط معاشی وژن کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین شہباز بھٹی ورکرز موومنٹ بشارت کھوکھر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے جو بین الاقوامی سطح پر تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ سماجی و عوامی حلقوں نے ڈاکٹر روبینہ فیروز بھٹی کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا ہے۔