بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے تعلقات کی بحالی کیلئے بھارتی بورڈ کو خط لکھ دیا

ہفتہ 4 اپریل 2026 19:00

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2026ء) بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے تعلقات کی بحالی کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلادیشی کرکٹ بورڈ (BCB) بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے کوشاں ہے، اس سلسلے میں لکھے گئے خط میں بی سی بی نے بی سی سی آئی سے نئے اور موجودہ شعبوں میں تعاون بڑھانے پر دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

بی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز نظم العابدین فہیم نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مختلف کرکٹ بورڈز کے ساتھ باقاعدہ رابطوں میں رہتے ہیں اور انہی رابطوں کے تحت ہم نے بھارتی بورڈ (BCCI) کو بھی خط لکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ خط میں ہم نے بی سی سی آئی کو بتایا ہے کہ بھارتی ٹیم نے ستمبر میں بنگلادیش کا دورہ کرنا ہے، جس کے بعد ہماری ویمنز ٹیم بھارت جائے گی۔

نظم العابدین فہیم نے کہا کہ ہم نے بی سی سی آئی سے باہمی کرکٹ میں دیگر ممکنہ مواقع تلاش کرنے کی درخواست کی ہے۔یاد رہے کہ بنگلادیش کے بولر مستفیض الرحمن کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور بنگلادیش نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔