پاکستان کی دمشق میں اماراتی سفارت خانے پر حملے کی شدید مذمت

ہفتہ 4 اپریل 2026 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2026ء) پاکستان نے دمشق میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کو نشانہ بنانے، توڑ پھوڑ اور بدامنی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس نوعیت کے اقدامات سفارتی مشنز کے تقدس اور سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہیں جوبین الاقوامی قانون، ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات ،کے تحت محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ ایسے واقعات نہ صرف بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ریاستوں کے درمیان پرامن سفارتی روابط کے اصولوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ پاکستان نے بین الاقوامی قانون اور سفارتی آداب کے اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اقوام کے درمیان امن، استحکام اور باہمی احترام کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔