پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کچرا ٹھانے کے نام پر اربوں روپے لوٹ رہی ہے ، منعم ظفر خان

کچرا اٹھانا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا کام ہے جو سندھ حکومت کے ماتحت اور قابض میئر اس کے چیئر مین ہیں، باغ علی کا افتتاح و خطاب گلبرگ ٹائون نے 3سال میں 42پارکوں کا تحفہ دیا ، 9ٹائونز میں 240پارک بحال اور 48کھیل کے میدان آباد کیے گئے گلبرگ ٹائون کو ماڈل ٹائون اور ضلع وسطی کو پورے شہر کے لیے نمونہ بنائیں گے ۔ کامران سراج اور نصرت اللہ کا خطاب

جمعرات 9 اپریل 2026 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2026ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کچرا اٹھانے کے نام پر اہل کراچی کے کروڑوں روپے لوٹ رہی ہے ، کچرا اٹھانے کا کام سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ہے جو سندھ حکومت کے ماتحت اور قابض میئر اس کے چیئرمین ہیں ،عوام ان سے سوال کرتے ہیں کہ یہ محکمہ کیوں ناکام ہوا اور کیوں سڑک کنارے اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہیں ،کچرا اٹھانا ٹائون کی ذمہ داری نہیں لیکن اس کے باوجود ہمارے ٹائون چیئرمیں اپنے بجٹ سے صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، گلبرگ ٹائون نے 3سال میں 42پارکوں کا تحفہ دیے ،جبکہ ہمارے 9ٹائونز میں 240پارک بحال اور 48کھیل کے میدان آباد کیے گئے ،ضیاء الدین ہسپتال تا کے ڈی اے سڑک اور جیفکو گرائونڈ کا افتتاح ہوا تو قابض میئر کو پریشانی اور تکلیف ہوئی، ہمارے کاموں سے جن کو تکلیف ہے ان کے لیے صرف یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ’’محنت کرحسد نہ کراور اپنے حصے کاکام پورا کر ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور ٹائون چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ بلاک 7یوسی 4میں تزئین وآرائش اور تعمیر نو کے بعد عوام کے لیے کھولے گئے فیملی پارک ’’باغ علی ‘‘کے افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، منعم ظفر کی آمد کے موقع پر ان کا شاندار استقبال کیاگیا،علاقہ مکینوں اور محلہ کمیٹی کے عہدیداران نے پھولوں کے ہار پہنائے اور جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی کوششوں کو سراہا ، اس موقع پر چیئرمین یوسی 4سید عظیم اللہ حسینی ، ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف اور دیگربھی موجود تھے ۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ ہمارا وژن بالکل صاف او ر واضح ہے کہ عوام کی خدمت کرو اور تعمیر وترقی کا سفر جاری رکھو ، اس وژن اور مشن کے ساتھ ہم کراچی کے وسائل اور اختیارات کے حصول کی جدوجہد بھی جاری رکھیں گے ، انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو فی یوسی سالانہ 13کروڑ روپے ملتے ہیں لیکن شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں کچرے کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور بارش کے دوران جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں نے صورتحال کو مزید ابتر کردیا ،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا سالانہ بجٹ 43ارب اور واٹر کارپوریشن کا 47ارب ہے لیکن صورتحال یہ ہے کہ آدھے سے زیادہ شہر کو پینے کا پانی میسر نہیں اور کچرا اٹھانے کا کوئی موثر نظام موجود نہیں ۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ ہم اختیارات و وسائل کی کمی کے باوجود عوام کو زندگی کا احساس دلارہے ہیں ،باغ علی کے افتتاح سے علاقہ مکینوں بالخصوص خواتین ،بچوں اور بزرگوں کے چہروں پر خوشیان پھیل گئی ہیں،امیر ضلع کامران سراج اور ٹائون چیئرمین نصرت اللہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ گلبرگ ٹائون اور ضلع وسطی کو پورے شہر کے لیے ایک نمونہ بنائیں گے، 3سال میں ہم نے عوامی خدمت کے نمایاں کام کیے ،اربن فاریسٹ ،اوپن ائیر جم کے تصور کو عملی شکل دی ، بارش اور وضو کے پانی کو جمع کرکے استعمال کے قابل بنانے کا منصوبہ بنایا، گلبرگ ٹائون کا یہ اعزاز ہے کہ اس نے عوام کے لیے تعلیمی کارڈز جاری کیے ہیں ، ماضی میں بھی عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دور میں بھی اہل کراچی کے لیے تعلیمی اور ترقیاتی پروجیکٹس مکمل کیے ،جن میں پانی کے بڑے منصوبے K-2اور K-3شامل ہیں ، نعمت اللہ خان نے کراچی میں 32نئے کالج بنائے اور کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کا تحفہ دیا ، آئندہ بھی جماعت اسلامی اہل کراچی کے مسائل حل او ر کراچی کو عروس البلاد بناسکتی ہے ۔