شہباز گل کا اداکار وسیم عباس کے بیان پر ردعمل سامنے آگیا

کسی کو کنجر میراثی کہنے والے پر لعنت بے شمار! میں نے کوئی ایک نامناسب لفظ ان کے بارے میں ادا نہیں کیا، وہ سنہری فنکار ہیں، مجھے ان کا احترام ہے؛ پی ٹی آئی رہنماء کا جواب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 اپریل 2026 12:06

شہباز گل کا اداکار وسیم عباس کے بیان پر ردعمل سامنے آگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر شہباز گل کا اداکار وسیم عباس کے بیان پر ردعمل سامنے آگیا۔ اس حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو کنجر میراثی کہنے والے پر لعنت بے شمار ہو کیوں کہ میں نے انہیں یا کسی کو بھی کنجر یا میراثی نہیں کہا، نہ کوئی اور غلط لفظ استعمال کیا، وہ سنہری فنکار ہیں اور مجھے ان کا احترام ہے، وہ یہ غصہ سوشل میڈیا پر کر رہے ہیں، جہنوں نے سہیل احمد پر تنقید کی تھی اور ان کے مطابق زبان بہتر نہیں استعمال کی تھی، میرے ویلاگ میں اس موضوع پر بات ہوئی اور پورے احترام سے یہ ڈسکس ہوا تھا، جس میں کوئی ایک نامناسب لفظ ان کے بارے میں ادا نہیں کیا گیا لیکن احترام کے اندر رہتے ہوئے تنقیدی بات ضرور ہوئی تھی، جو انہیں بری لگی اور پھر انہوں نے جواب میں سب کو اکٹھا دھویا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز گل کہتے ہیں کہ وسیم عباس کا یہ مؤقف صرف میرے بارے میں نہیں ہے، وہ اپنے ویڈیو بیان میں فواد چوہدری پر جو تشدد ہوا تھا جس کی وجہ سے انہیں کچہری میں بے آبرو کیا گیا تھا، وہ اس پر ان کا بھی ٹھٹھا اڑ رہے ہیں، اور جو زمان پارک کے باہر نعرے لگاتے تھے 'تیرا باب بھی دے گا آزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی'، وسیم عباس کہہ ے رہے ہیں ایسے دوستوں کی سوچ سمجھ اور کھڑاک کی وجہ سے عمران خان اندر ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء نے مزید کہا کہ کوئی شک نہیں جواب وہ مجھے دے رہے ہیں لیکن بات ان سب کی کر رہے ہیں، یہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی، ایسا کروانے والوں کا طریقہ ہی یہ ہے کہ ایک ہی بات بار بار کہو تو لوگ مان لیتے ہیں لیکن بہرحال جلد یا بدیر سچ سامنے آ ہی جاتا ہے۔