خبری البم مولانا شاہ احمد نورانی کی جدوجہد اور قومی اخبارات کی باقاعدہ رونمائی

جمعہ 24 اپریل 2026 21:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2026ء) علامہ شاہ احمد نورانی ریسرچ سینٹر پاکستان کے زیر اہتمام ایک اہم ادبی و تحقیقی تقریب کراچی پریس کلب، صدر کراچی میں اتوار 26 اپریل 2026ء کو شام 4 بجے منعقد ہوگی۔اس تقریب کا مقصد معروف دینی صحافی ملک محبوب الرسول قادری کی زیر ادارت شائع ہونے والے سہ ماہی رسالہ‘‘انوار رضا جوہرآباد’’کے خصوصی شمارے اور خبری البم بعنوان‘‘مولانا شاہ احمد نورانی کی جدوجہد اور قومی اخبارات’’کی باقاعدہ رونمائی ہے۔

تقریب میں ملک بھر سے ممتاز علماء کرام، مشائخ عظام، دانشور، صحافی، سیاستدان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔شرکاء میں ممتاز سینئر صحافی محمود شام، علامہ سید شاہ حسین گردیزی، ڈاکٹر مجید اللہ قادری، حضرت پیر سید عظمت علی شاہ ہمدانی، ڈاکٹر معراج الہدیٰ، ڈاکٹر دلاور خان، ڈاکٹر پروفیسر نور احمد شاہتاز، شبیر ابو طالب، ڈاکٹر سہیل شفیق، صاحبزادہ مفتی محمد غوث صابری، پیر شجاع الحق نورانی، ڈاکٹر عابد شیروانی ایڈووکیٹ، مسلم لیگی رہنما علی اکبر گجر، سردار عبد الرحیم (مسلم لیگ فنکشنل)، ڈاکٹر صحبت خان کوہاٹی، شاعر حمد و نعت طاہر حسین طاہر سلطانی، علامہ جمیل الرحمن سعیدی، محمد احمد ترازی اور سفیر کتاب شہزاد سلطانی سمیت دیگر نامور شخصیات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب کے منتظم ملک محبوب الرسول قادری نے کہا ہے کہ پروگرام کا آغاز مقررہ وقت شام 4 بجے بالکل وقت کی پابندی کے ساتھ کیا جائے گا، لہٰذا شرکاء سے بروقت شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب نہ صرف مولانا شاہ احمد نورانی کی دینی، سیاسی اور قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ ہوگی بلکہ صحافتی و تحقیقی میدان میں بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔