مودی نے پہلگام واقعہ اقلیتوں کے خلاف کریک ڈائون کیلئے استعمال کیا‘رمیش سنگھ اڑورا

بھارت میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں محفوظ نہیں، بھارت لاکھوں کشمیری بہن بھائیوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے مودی سرکار اقلیتوں کے خلاف سرکاری مشینری استعمال کر رہی ہے‘ وزیر مملکت کھئیل داس کوہستانی/پریس کانفرنس

اتوار 26 اپریل 2026 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2026ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اڑورا نے کہا ہے کہ مودی نے پہلگام واقعہ کو اقلیتوں کے خلاف کریک ڈائون کیلئے استعمال کیا، بھارت نے مذہبی عبادت گاہوں اور شہریوں کو نشانہ بنایا۔پہلگام فالس فلیگ اور بھارت میں اقلیتی برادری پر مظالم کے حوالے سے وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی اوررکن قومی امن کمیٹی راجیش کمار ہر داسانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اڑورا نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جارحیت کی کوشش کی، مودی حکومت نے نام نہاد پہلگام واقعے کو اقلیتوں کے خلاف کریک ڈائون کیلئے بہانے کے طور پر استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف تشدد کوئی نیا رجحان نہیں، بھارت کا پہلگام فالس فلیگ پاکستان کیلئے عزت کا باعث بنا، بھارت عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے، بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر شاندار مثال قائم کی، بھارت میں مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں منانے نہیں دی گئیں۔

رمیش سنگھ اڑورا نے کہا کہ بھارت میں مختلف حیلے بہانوں سے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کا کوئی موازنہ نہیں ، پاکستان میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور مکمل ریاستی تحفظ حاصل ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ہندو، سکھ ، عیسائی اور مسلمان امن و احترام کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں، بھارت کے ہاتھ اقلیتوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کا فوری نوٹس لے، عالمی برداری بھارت میں انسانی حقوق، مذہبی آزادی اور انصاف کے عالمی اصولوں کا نفاذ یقینی بنائے۔

انہوںنے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں محفوظ نہیں، بھارت لاکھوں کشمیری بہن بھائیوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ کوئی مذہب دہشتگردی کی اجازت نہیں دیتا، بھارت نے پہلگام واقعے کو بے بنیاد طور پر پاکستان سے جوڑا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر مذہب کے لوگ اپنے تہوار مل کر مناتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کو عقوبت خانہ میں تبدیل کر دیا گیا، مودی سرکار اقلیتوں کے خلاف سرکاری مشینری استعمال کر رہی ہے، بھارت میں کوئی ایک اقلیت محفوظ نہیں ہے۔

رکن قومی امن کمیٹی راجیش کمار ہر داسانی نے کہا کہ مودی نے اپنی سیاست کیلئے ہندو مذہب کے تشخص کو برباد کیا، بھارت میں ہندئوں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی، مودی کی منفی سیاست نے بھارت کے سیکولر چہرے کو داغدار کر دیا، پاکستان میں اقلیتی برداری کو مکمل حقوق حاصل ہیں۔اس موقع پر بشپ ندیم کامران نے کہا کہ پاکستان میں مثالی مذہبی ہم آہنگی ہے، پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مظالم پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، دستاویزی فلم میں بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مظالم کو بے نقاب کیا گیا، دستاویزی فلم میں پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل آزادی اور تحفظ کے پہلوں کو اجاگر کیا گیا۔