پی ٹی اے کا آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مشترکہ چوتھی سہ ماہی 2025کا کیو او ایس سروے مکمل

پیر 27 اپریل 2026 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2026ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے 2025 کی چوتھی سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) کے دوران آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے چار اور گلگت بلتستان (جی بی) کے پانچ شہروں میں مشترکہ کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے مکمل کئے۔

پیر کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق یہ سروے آزاد جموں و کشمیر کے شہروں مظفرآباد، کوٹلی، راولاکوٹ اور پلندری جبکہ گلگت بلتستان کے شہروں استور، گلگت، غذر (غاکوچ)، ہنزہ اور شگر میں کئے گئے۔ پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیموں نے جدید کیو او ایس مانیٹرنگ ٹولز کے ذریعے وائس کالز، ایس ایم ایس اور موبائل براڈبینڈ/ڈیٹا سیشنز کا ٹیکنالوجی آٹو ڈیٹیکٹ موڈ میں جامع جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس عمل کا مقصد این جی ایم ایس لائسنسز اور کیو او ایس ریگولیشنز 2021 کے تقاضوں کے ساتھ مطابقت کا مؤثر انداز میں جائزہ لینا تھا۔نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیادہ تر سی ایم اوز نے 4G/LTE سگنل اسٹرینتھ کے معیار پر پورا اترنے میں کامیابی حاصل کی۔ کارکردگی کے لحاظ سے آزاد جموں و کشمیر میں ڈاؤن لوڈ اسپیڈ میں زونگ نمایاں رہا جبکہ گلگت بلتستان میں ایس سی او ایم اور ٹیلی نار نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

مجموعی طور پر آپریٹرز میں مطابقت کی سطح تسلی بخش رہی جس سے سروے شدہ علاقوں میں صارفین کو قابلِ اعتماد اور بہتر کنکٹیویٹی فراہم کی جا رہی ہے۔پی ٹی اے نے ان علاقوں میں جہاں بہتری کی گنجائش دیکھی گئی، متعلقہ آپریٹرز کو ضروری اصلاحی اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ سروے کی تفصیلی رپورٹ عوامی آگاہی کے لئے پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔