بحری قزاقوں کے ہاتھوں پاکستانی یرغمال، حکومت کی صومالیہ سے مدد کی درخواست

وزیر بحری امور کا صومالیہ کے سفیر کو خط، عملے میں شامل پاکستانیوں کی سلامتی پر تشویش ،بحفاظت واپسی کا مطالبہ

منگل 28 اپریل 2026 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2026ء) صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے آئل ٹینکر پر حملے اور 11یرغمال پاکستانیوں کی واپسی کیلئے حکومت نے اقدامات کا آغاز کردیا۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے صومالیہ کے سفیر کو خط لکھ کر آئل ٹینکر پر سوار یرغمال بنائے گئے پاکستانی عملے کی محفوظ بازیابی کیلئے اقدامات پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے جہاز آنر 25پر موجود پاکستانی عملے کی سلامتی پر گہری تشویش سے آگاہ کیا۔جنید انوار نے کہا کہ پاکستانی عملے کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔دوسری جانب صومالیہ کی وزارت خارجہ نے پاکستان کی جانب سے خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، پاکستانی شہریوں اور جہاز سے متعلق معلومات قومی سلامتی اداروں کو دے دی گئیں ہیں۔صومالی حکام کے مطابق جہاز اور عملے سے متعلق ہر نئی پیش رفت پاکستان کو فوری دی جائے گی۔