کراچی: پولیس کی بڑی کارروائی، لیاری گینگ وار کے 4 انتہائی مطلوب کارندے گرفتار

جمعہ 1 مئی 2026 13:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) کراچی کے علاقے گارڈن میں پولیس نے حساس ادارے کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے 4 انتہائی مطلوب کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی سٹی علی حسن کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق گینگ وار کے وسیم جوجی گروپ سے ہے، جن کی شناخت اکبر، نصیر، بلاول اور سدیس کے ناموں سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے 8 پستول، ساڑھے 6 کلو سے زائد چرس، آئس، ہیروئن اور 5 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان شہر میں آن لائن منشیات سپلائی کا نیٹ ورک چلا رہے تھے اور خاص طور پر مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ ریکارڈ کے مطابق ملزم اکبر پہلے بھی 6 مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں اور ان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے تاکہ گروہ کے دیگر کارندوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔