پی ٹی اے نے 31شہروں میں فکسڈ لائن براڈبینڈ کیلئے کوالٹی آف سروس سروے مکمل کرلیا

جمعہ 1 مئی 2026 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) پی ٹی اے نے پاکستان کے 31بڑے شہروں، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، میں فکسڈ لائن براڈبینڈ سروسز کیلئے کوالٹی آف سروس (کیو او ایس)سروے کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ یہ سروے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کئے گئے جن کا مقصد براڈبینڈ سروس فراہم کنندگان کی نیٹ ورک کارکردگی کا جائزہ لینا اور صارفین کو معیاری انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

سروے کے نتائج کے مطابق زیادہ تر براڈبینڈ سروس فراہم کنندگان کارکردگی کے کلیدی پیمانے کے پی آئیزجیسے نیٹ ورک دستیابی (لوکل اور کور)، جِٹر، اور نیٹ ورک لیٹنسی کے حوالے سے، مقامی اور بین الاقوامی سطح پر، مقررہ معیارات پر پورا اترتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم، بعض فراہم کنندگان میں مختلف نیٹ ورک پیرامیٹرز کے حوالے سے کارکردگی کے مسائل بھی سامنے آئے ہیں۔

خاص طور پر مصروف اوقات میں بینڈوڈتھ کے زیادہ استعمال کے باعث نیٹ ورک میں دبا ئوپیدا ہوا جس سے انٹرنیٹ کی رفتار کم ہوئی اور صارفین کے تجربے پر منفی اثر پڑا۔ مزید یہ کہ لیٹنسی میں اضافہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر نیٹ ورک روٹنگ اور بیک بون انفراسٹرکچر میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے متعلقہ آپریٹروں کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ وہ فوری طور پر اصلاحی اقدامات اٹھائیں تاکہ نیٹ ورک کارکردگی بہتر بنائی جا سکے اور مجموعی کیو او ایس معیارات میں بہتری لائی جا سکے۔