کراچی: ڈیفنس فیز 8 سے چوری شدہ کار لیاری ایکسپریس وے سے برآمد، گاڑی مالک کے حوالے

ہفتہ 2 مئی 2026 13:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2026ء) موٹروے پولیس نے ڈیفنس فیز 8 سے چوری شدہ کار لیاری ایکسپریس وے سے برآمد کرکے مالک کے حوالے کردی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 8 سے چوری کی جانے والی گاڑی ٹریکر کمپنی کی مدد سے لیاری ایکسپریس وے پر پکڑ لی گئی، موٹروے پولیس کو کار کے عقب میں آتا دیکھ کر ملزمان چلتی کار سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

بغیر ڈرائیور کے چلتی کار کو موٹروے پولیس اہلکاروں نے انتہائی مہارت سے روک لیا اور حادثے سے بچا لیا، قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد کار اس کے مالک کے حوالے کردی گئی۔ کار کے مالک یوسف حسین نے بتایا کہ میری کار ساحل تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 8 سے چوری کی گئی تھی، کار میرا اپنا گارڈ لیکر گیا تھا، ٹریکر کمپنی کی مدد سے لیاری ایکسپریس وے کی لوکیشن معلوم ہونے پر موٹروے پولیس سے رابطہ کیا اور ہم خود وہاں پہنچ گئے اور گاڑی ہمارے سامنے سے گزری تو ہم نے نشاندہی کی تو موٹروے پولیس نے گاڑی کا تعاقب کرکے پکڑ لی تاہم ملزمان فرار ہوگئے۔