حنا پرویز بٹ کی انصار عباسی کے خیالات پر کڑی تنقید

چند پڑھے لکھے لوگوں کی ایکسرسائز سے کیسے معاشرتی مسائل جنم لے رہے ہیں؟ آپ کا دماغ کب ان چیزوں سے نکلے گا؟ کنویں کے مینڈک والی سوچ سے باہر آئیں، اپنے کام سے کام رکھنا سیکھیں؛ ن لیگی رہنماء کا مشورہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 مئی 2026 22:22

حنا پرویز بٹ کی انصار عباسی کے خیالات پر کڑی تنقید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی 2026ء) وفاقی دارالحکومت کے فٹنس سینٹرز میں مردوں اور عورتوں کے ایک ساتھ ورزش کرنے کے معاملے پر سینئر صحافی انصار عباسی کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیگ کرکے کی جانے والی ایک شکایت پر لیگی رہنما حنا پرویز بٹ نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے "محدود سوچ" کا طعنہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق صحافی انصار عباسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ "اسلام آباد کے جمز میں مرد و خواتین کی مشترکہ ایکسرسائز سے اخلاقی و معاشرتی مسائل جنم لے رہے ہیں، متعلقہ حکام فوری طور پر خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ اوقات مقرر کریں اور اس پر سختی سے عمل کروائیں"۔

انصار عباسی کے اس بیان پر مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ خاموش نہ رہیں اور انہوں نے صحافی کی سوچ پر کڑی تنقید کی، انہوں نے انصار عباسی کے نظریات کو "کنویں کے مینڈک" سے تشبیہ دی، جس کا مطلب ہے کہ وہ دنیا کو ایک بہت چھوٹے اور مخصوص زاویے سے دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ "عباسی صاحب آپ کا دماغ کب ان چیزوں سے نکلے گا؟ ضروری نہیں کہ ہر جگہ آپ جیسی ذہنیت رکھنے والے مرد ہوں، معاشرے میں کوئی مثبت چیز پھیلائیں اور پڑھے لکھے لوگوں کی ورزش کو معاشرتی مسائل سے جوڑنا بند کریں، آپ کو دوسروں کی نجی زندگی اور صحت مند سرگرمیوں میں مداخلت کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیئے"۔