بھارت میں مذہبی تقریب کے دوران ہاتھی بھپر گیا، سونڈ سے گاڑیاں اٹھاکر پھینک دیں، ایک شخص ہلاک

ہاتھی کے بپھرنے سے مندر میں موجود سینکڑوں لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی، انتظامیہ کی کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد ہاتھی کو بے ہوشی کے انجکشن کی مدد سے قابو کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 مئی 2026 16:05

بھارت میں مذہبی تقریب کے دوران ہاتھی بھپر گیا، سونڈ سے گاڑیاں اٹھاکر ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2026ء) بھارت میں مذہبی تقریب کے دوران ہاتھی بھپر گیا، جس نے اپنی سونڈ سے گاڑیاں اٹھاکر پھینک دیں، اس دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ بھارٹی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع ایرناکولم کے علاقے انگامالی میں ایک مذہبی تقریب کے دوران ہاتھی کے بپھرنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص کی جان چلی گئی اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا، مندر میں سالانہ میلے کی تقریب میں ہاتھی نے مشتعل ہو کر وہاں موجود ہجوم پر حملہ کردیا اور قریبی املاک کو نشانہ بنایا۔

مقامی حکام اور عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ واقعہ مندر کی ایک روایتی رسم کے دوران پیش آیا جہاں کئی ہاتھیوں کو سجایا گیا تھا، ان میں سے ایک ہاتھی نے اچانک دوڑنا شروع کیا اور ایک 40 سالہ شخص، جس کی شناخت بعد ازاں مقامی شہری کے طور پر ہوئی، اس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ہاتھی کے کچلنے اور سونڈ سے پٹخنے کے باعث وہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بپھرے ہوئے ہاتھی نے مندر کے احاطے اور باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا، ہاتھی نے کئی موٹر سائیکلوں اور کاروں کو الٹ دیا، اس کے علاوہ مندر کے ڈھانچے اور عارضی اسٹالز کو بھی شدید نقصان پہنچا، ہاتھی کے بپھرنے سے مندر میں موجود سینکڑوں لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی، جس سے کئی افراد کے معمولی زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کی 'ایلیفینٹ اسکواڈ' اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد ہاتھی کو ٹرانسکویلائزر گنز (بے ہوشی کے انجکشن) کی مدد سے قابو کیا گیا اور اسے زنجیروں سے جکڑ کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ کیرالہ کے مندروں میں مذہبی تقریبات کے لیے ہاتھیوں کا استعمال ایک قدیم روایت ہے، لیکن حالیہ برسوں میں ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، مقامی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا ہاتھی کے مالک اور مندر کی انتظامیہ نے حفاظتی پروٹوکولز کی پاسداری کی تھی یا نہیں جب کہ انتظامیہ نے مستقبل میں ایسی تقریبات کے لیے سیکیورٹی اور ہاتھیوں کے طبی معائنے کے قوانین کو مزید سخت کرنے کا اشارہ دیا ہے۔