طویل عرصہ بعد محبت پر بھروسہ، جمائمہ اور ان کے ارب پتی دوست کے ہم سفر بننے تک کی کہانی

کیمرون اوریلی کا تعلق فنانس کی دنیا سے ہے لیکن وہ تخلیقی کاموں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، ابتدائی ملاقاتیں پیشہ ورانہ تھیں، جو پہلے گہری دوستی اور پھر ایک سالہ طویل خاموش رفاقت میں بدل گئیں؛ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 مئی 2026 15:36

طویل عرصہ بعد محبت پر بھروسہ، جمائمہ اور ان کے ارب پتی دوست کے ہم سفر ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2026ء) سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ اور ان کے ارب پتی دوست کے ہم سفر بننے تک کی کہانی سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا میں اس وقت جمائمہ گولڈ اسمتھ کی شادی کی خبریں گرم ہیں لیکن یہ کہانی صرف دو امیر لوگوں کے ملاپ کی نہیں بلکہ دو ایسی شخصیات کی ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے ایک طویل عرصے کے بعد دوبارہ محبت پر بھروسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس رشتے کا آغاز کسی فلمی انداز میں نہیں بلکہ کام کی میز پر ہوا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جمائمہ، جو اب ایک کامیاب فلم پروڈیوسر اور سکرین رائٹر ہیں، ان کی ملاقات کیمرون او ریلی سے ایک دستاویزی فلم کے پروجیکٹ کے دوران ہوئی، کیمرون کا تعلق فنانس کی دنیا سے ہے لیکن وہ تخلیقی کاموں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، ابتدائی ملاقاتیں پیشہ ورانہ تھیں، جو پہلے گہری دوستی اور پھر ایک سالہ طویل خاموش رفاقت میں بدل گئیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف بزنس مین کیمرون او ریلی ان دنوں اپنی ذاتی زندگی کے باعث عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، کیمرون او ریلی ایک ڈبلن میں پیدا ہونے والے سرمایہ کار اور بزنس مین ہیں، جو ایک بااثر کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، وہ معروف آئرش کاروباری شخصیت سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں، کیمرون او ریلی مالیاتی شعبے میں ایک اہم نام سمجھے جاتے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کے حوالے سے پہچان رکھتے ہیں، وہ نجی زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں اور میڈیا سے دور رہتے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ برطانوی پروڈیوسر جمیما گولڈ اسمتھ خان کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات سامنے آئے ہیں اور دونوں گزشتہ تقریباً ایک سال سے تعلق میں ہیں اور اب باقاعدہ طور پر منگنی کر چکے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جوڑا ایک سالہ تعلق کے بعد آئندہ ایک سال میں شادی کے بندھن میں بندھنے کا ارادہ رکھتا ہے، جب کہ دونوں خاندان بھی اس رشتے سے خوش ہیں، دونوں اس وقت لندن اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان وقت گزارتے ہیں اور اپنے تعلق کو زیادہ تر نجی رکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ جمائمہ گولڈ اسمتھ خان اس سے قبل پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ رہ چکی ہیں اور عالمی میڈیا میں ایک معروف شخصیت سمجھی جاتی ہیں، عمران خان سے شادی کے دوران جمائمہ نے میڈیا کی شدید توجہ اور ہنگامہ خیزی دیکھی تھی، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کیمرون کے ساتھ اپنے تعلق کو گزشتہ 12 ماہ سے مکمل طور پر خفیہ رکھا، کیمرون او ریلی خود بھی ایک ایسے انسان ہیں جو ارب پتی ہونے کے باوجود چکا چوند سے دور رہنا پسند کرتے ہیں، ان کی زیادہ تر رہائش سوئٹزرلینڈ کے پرسکون پہاڑوں میں ہوتی ہے، جہاں یہ جوڑا اکثر میڈیا کی نظروں سے بچ کر وقت گزارتا رہا ہے۔