سپیکر قومی اسمبلی کی پشاور زلمی کو مبارکباد

پیر 4 مئی 2026 09:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2026ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پشاور زلمی کو پاکستان کی 11 ویں سپر لیگ کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔ اپنےتہنیتی پیغام میں انہوں نے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اور کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کو ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ پشاور زلمی نے شاندار کھیل، ٹیم ورک اور جذبے سے کامیابی حاصل کی۔

یہ فتح کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں کھیلوں کا اہم کردار ہے۔پشاور زلمی کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔کھلاڑیوں کی مستقل مزاجی اور بہترین کارکردگی قابلِ تعریف ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے پشاور زلمی کے کھلاڑیوں، پی سی بی کی مینجمنٹ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ اور ٹیلنٹ کی نرسری کے طور پر پی ایس ایل کا کردار نہایت اہم ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ہمارے نوجوانوں نے تمام شعبوں میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔سپیکر نے ٹیم مینجمنٹ، کوچنگ سٹاف اور سپورٹ سٹاف کو شاندار انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔