لله*ٹینس سے پاکستان کی سافٹ امیج بلڈنگ کررہے ہیں، پہلی بار وویمنز ٹیم ایونٹ کی میزبانی کرینگے، اعصام الحق

پیر 4 مئی 2026 18:25

۷ ٓاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2026ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا ہے کہ دنیا میں ٹینس سے پاکستان کی سافٹ امیج بلڈنگ کررہے ہیں، پاکستان پہلی بار وویمنز ٹیم ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان ایک امن اور دوستی کا پیغام دینے والا ملک ہے، آی ٹی ایف فیوچرز کے سنگلز اور ڈبلز کا ٹاٹل جیت کر کھلاڑیوں نے تاریخ رقم کی۔

اسلام آبادمیں سیکرٹری پی ٹی ایف کرنل ر ضیا طفیل، قومی پلیرز محمد شعیب، مزمل مرتضی ، عابد علی، موو ان پک ہوٹل کے جنرل منیجر نکولاس ورڈن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹینس تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور قومی کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔اعصام الحق نے کہا کہ قومی ٹینس اسٹار محمد شعیب نے آئی ٹی ایف فیوچرز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ رقم کی، جو پاکستان ٹینس کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔ ٹینس کے ذریعے پاکستان کا مثبت اور سافٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر ہو رہا ہے، جبکہ غیر ملکی کھلاڑی خوشگوار یادیں لے کر واپس جا رہے ہیں۔ پاکستان ایک امن اور دوستی کا پیغام دینے والا ملک ہے اور ہم پیس ایمبیسڈر کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے تحت محمد شعیب ٹریننگ کے لیے امریکہ جبکہ مزمل مرتضی جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔

ملکی تاریخ میں نو کھلاڑی پہلی بار اے ٹی پی رینکنگ میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے سابق عالمی چیمپئن بیورن بورگ کے دورہ پاکستان کے ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹینس لیجنڈ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔صدر پی ٹی ایف نے مزید بتایا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو ایک بڑے ویمنز ایونٹ کی میزبانی سونپی ہے، جس میں اکتوبر میں دس ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری پی ٹی ایف کرنل ضیا طفیل نے اسے پاکستان ٹینس کی تاریخ کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے ملک میں ٹینس کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔