پاکستان امن، دوستی کا پیغام دینے والا ملک ہے، صدر پی ٹی ایف کی پریس کانفرنس

پیر 4 مئی 2026 18:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2026ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا ہے کہ دنیا میں ٹینس سے پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کررہے ہیں، پاکستان پہلی بار وویمنز ٹیم ایونٹ کی میزبانی کرے گا، پاکستان ایک امن اور دوستی کا پیغام دینے والا ملک ہے، آئی ٹی ایف فیوچرز کے سنگلز اور ڈبلز کا ٹائٹل جیت کر کھلاڑیوں نے تاریخ رقم کی۔

پیر کو یہاں سیکرٹری پی ٹی ایف کرنل (ر) ضیا ء طفیل، قومی پلیئرز محمد شعیب، مزمل مرتضیٰ ، عابد علی، موو ان پک ہوٹل کے جنرل منیجر نکولاس ورڈن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوے اعصام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹینس تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور قومی کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اعصام الحق نے کہا کہ قومی ٹینس سٹار محمد شعیب نے آئی ٹی ایف فیوچرز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ رقم کی جو پاکستان ٹینس کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام سپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔ ٹینس کے ذریعے پاکستان کا مثبت اور سافٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر ہو رہا ہے جبکہ غیر ملکی کھلاڑی خوشگوار یادیں لے کر واپس جا رہے ہیں۔ پاکستان ایک امن اور دوستی کا پیغام دینے والا ملک ہے اور ہم پیس ایمبیسڈر کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے تحت محمد شعیب ٹریننگ کے لئے امریکہ جبکہ مزمل مرتضیٰ جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے، ملکی تاریخ میں 9کھلاڑی پہلی بار اے ٹی پی رینکنگ میں شامل ہوئے ہیں۔

انہوں نے سابق عالمی چیمپئن بیورن بورگ کے دورہ پاکستان کے ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹینس لیجنڈ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔صدر پی ٹی ایف نے مزید بتایا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو ایک بڑے ویمنز ایونٹ کی میزبانی سونپی ہے جس میں اکتوبر میں دس ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری پی ٹی ایف کرنل (ر)ضیا ءطفیل نے اسے پاکستان ٹینس کی تاریخ کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے ملک میں ٹینس کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔