Live Updates

امریکی سفارتخانے کی متحدہ عرب امارات میں اپنے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت ، ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری

متحدہ عرب امارات میں موجود اسرائیلی آئرن ڈوم سسٹم نے ایرانی میزائل حملے کو روکنے میں کردار ادا کیا ہے.امریکی ذرائع ابلاغ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 5 مئی 2026 17:19

امریکی سفارتخانے کی متحدہ عرب امارات میں اپنے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت ..
ابوظہبی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 مئی ۔2026 ) متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت خانے نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی مشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے اور امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے لئے تیار رہیں ” ایکس“ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں امریکی مشن صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور امریکی شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اماراتی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور اگر کہا جائے تو پناہ لینے کے لئے تیار رہیں.

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کے لئے سفری ہدایات بدستور درجہ تین پر برقرار ہیں، جس کا مطلب ہے کہ امریکی شہری سفر پر نظرثانی کریں بیان میں کہا گیا کہ سفارت خانہ اور قونصل خانہ معمول کے مطابق کھلے ہیں، تاہم غیر ہنگامی امریکی سرکاری عملے کو امارات سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے. دوسری جانب امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں موجود اسرائیلی آئرن ڈوم سسٹم نے ایرانی میزائل حملے کو روکنے میں کردار ادا کیا ہے رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے جنگ کے آغاز پر خفیہ طور پر اپنا دفاعی نظام امارات میں نصب کیا تھا.

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں نصب اسرائیلی فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم نے پیر کے روز ایران کی جانب سے داغے گئے مبینہ میزائل حملوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا. سی این این کے مطابق اسرائیل نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے آغاز کے بعد خفیہ طور پر اپنا جدید دفاعی نظام آئرن ڈوم اور اس کو چلانے کے لیے فوجی اہلکار متحدہ عرب امارات میں تعینات کیے تھے اس اقدام کا مقصد خلیجی ریاست کے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط بنانا اور ممکنہ میزائل حملوں کا فوری جواب دینا تھا.

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے دوران متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام کے ساتھ ساتھ آئرن ڈوم بھی فعال رہا اور مختلف دفاعی نظاموں نے مشترکہ طور پر آنے والے خطرات کو روکنے کی کوشش کی تاہم امریکی میڈیا کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تین مبینہ میزائلوں میں سے کتنے میزائل براہِ راست اسرائیلی آئرن ڈوم سسٹم نے تباہ کیے اور کتنے دیگر دفاعی نظاموں کے ذریعے روکے گئے. 
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات