ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش

آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق،4زخمی،بجلی کا نظام درہم برہم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 5 مئی 2026 17:41

ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 مئی ۔2026 ) ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش میں آسمانی بجلی گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں نے تباہی مچا دی، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے.

(جاری ہے)

صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک، ایک شخص جان کی بازی ہار گیا مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے جبکہ مریدکے، شیخوپورہ، تاندلیانوالہ، چنیوٹ، خانیوال اور گردونواح میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اوکاڑہ اور اس کے اطراف میں آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا. پیرمحل، گجرات، پنڈی بھٹیاں اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ مانسہرہ میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی ادھر صوبہ بلوچستان کے علاقے موسی خیل میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی مزید بارشوں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.