حکومت مالیاتی شعبے کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہے، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب

منگل 5 مئی 2026 19:59

حکومت مالیاتی شعبے کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہے، وزیرخزانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2026ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں بجٹ 27-2026 کے تناظر میں انشورنس سیکٹر کے امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور وفد نے تنخواہ دار طبقے کے لیے انشورنس اسکیموں میں شرکت بڑھانے کی تجاویز پیش کیں جن کا وزیرخزانہ نے جائزہ لینے کا یقین دلایا۔

ملاقات کے بعدجاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے انشورنس انڈسٹری کی بجٹ تجاویز اور تعمیری کردار کو سراہا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مالیاتی شعبے کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہے۔اعلامیہ کے مطابق آئی اے پی وفد کی قیادت چیئرمین شعیب جاوید حسین نے کی، انشورنس سیکٹر پر موجودہ ٹیکس ڈھانچے اور وفاقی و صوبائی لیویز کا جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ کا ٹیکس ڈھانچے میں تسلسل، ہم آہنگی اور پیش گوئی کی ضرورت پر زوردیا۔

(جاری ہے)

وفد کی جانب سے پالیسی ہولڈرز کے لیے ٹیکس مراعات کی بحالی کی تجویز دی گئی، انشورنس سیکٹر کے قوانین کو جدید اکاؤنٹنگ معیارات کے مطابق ڈھالنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملک میں بچتوں کے فروغ اور انشورنس کی رسائی بڑھانے کے لیے اقدامات پر گفتگوکی گئی اورتنخواہ دار طبقے کے لیے انشورنس اسکیموں میں شرکت بڑھانے کی تجاویز پیش کی گئیں، اعلامیہ کے مطابق انشورنس سیکٹر کو مالیاتی ترقی کا اہم حصہ بنانے کے لیے سرمایہ کاری فریم ورک پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خزانہ نے وفد کی تجاویز کو بجٹ میں غور سے جائزہ لینے کا یقین دہانی کروائی۔