جرمنی سے امریکی فوجیوں کی واپسی، یورپ کو اپنی سکیورٹی کا خیال خود رکھنا ہوگا،یورپی رہنماء

منگل 5 مئی 2026 23:28

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) یورپی رہنمائوں نے کہا ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا جرمنی سے ہزاروں امریکی فوجیوں کو اچانک واپس بلانے کا فیصلہ غیرمتوقع تھا اوریہ اس بات کی علامت بھی ہے کہ اب یورپ کو اپنی سلامتی کا خود خیال رکھنا ہوگا۔پینٹاگون نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے پانچ ہزار فوجی جرمنی سے نکالے گا لیکن صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم نمایاں کمی کرنے جا رہے ہیں اور پانچ ہزار سے کہیں زیادہ فوجی نکالے جائیں گے۔

اجرمنی سے فوجیوں کے انخلا کے فیصلے کے بارے میں ناروے کے وزیراعظم جونس گاہر سٹورے کا کہنا تھا کہ میں مبالغے سے کام نہیں لوں گا کیونکہ میرا خیال ہے کہ یورپ اپنی زیادہ تر سکیورٹی خود سنبھالنے جا رہا ہے۔انہوں نے آرمینیا کے دارالحکومت یریوان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ان اعداد و شمار کو ڈرامائی نہیں سمجھتا لیکن میرا خیال ہے کہ اس معاملے کو نیٹو کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے ہم آہنگ طور پر نمٹایا جائے۔

(جاری ہے)

یورپی یونین کی فارن پالیسی چیف کایا کالاس کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے یورپ سے امریکی فوجیوں کے انخلا کی بات ہو رہی تھی تاہم اس کا اعلان یقینا حیران کن ہے۔ میرے خیال میں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں نیٹو میں یورپی ستون کو واقعی مضبوط بنانا ہو گا۔