فیصل آباد میں میٹرو بس منصوبہ پر آئندہ2 روز میں باقاعدہ تعمیراتی کام شروع کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، کیپٹن(ر) زاہد سعید

منگل 5 مئی 2026 21:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد میں میٹرو بس منصوبہ پر آئندہ2 روز میں باقاعدہ تعمیراتی کام شروع ہورہا ہے۔طاہر پورہ نزد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جھنگ روڈ سے تعمیراتی کام شروع کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔فیصل ٹاؤن جڑانوالہ روڈ سے طاہرپورہ جھنگ روڈ تک20.3 کلومیٹر اورنج لائن پر27 میٹرو بسیں /2 ٹرام چلیں گی،ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 21 اسٹیشن بنیں گے۔

ممبر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی/سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر)زاہد سعید نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصر سمیت نیسپاک کے نمائندے اور ٹیکنیکل افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ میٹرو بس منصوبہ پر79 ارب روپے کی لاگت آئے گی جو ڈیڑھ سال کے مختصر وقت میں مکمل کیا جائے گا،منصوبہ میں دو ڈیپو اور7 یوٹرنز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کیپٹن(ر) زاہد سعید نے واسا،فیسکو،سوئی گیس،پی ایچ اے،میونسپل کارپوریشن،ٹریفک پولیس،پی ٹی سی ایل کو باقی ماندہ یوٹیلٹی سروسز کی فوری منتقلی کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ میٹریل کو بروقت اور بحاظت ڈسپوز کرنے کے لئے ڈمپنگ سائٹس بھی فائنل کی جارہی ہیں۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو ٹریفک کے متبادل روٹس کا پلان تشہیر کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی عمل کے دوران شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

مٹی دھول سے بچاؤ کے لئے پانی کا مسلسل چھڑکاؤ کیا جائے گا۔پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی طرف سے ہیلتھ سیفٹی آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھدائی کے عمل کو محفوظ بنانا ترجیح ہے۔میگا منصوبہ کے تعمیراتی عمل کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے،لائٹنگ،سائن بورڈز نصب ہونگے۔میٹرو/ٹرام اورنج لائن سروس شہریوں کو آمدروفت میں ایک بڑی سہولت فراہم کرے گی روزانہ ہزاروں مسافر سفر کریں گے۔