ستھرا پنجاب پروگرام میں بڑا فیصلہ، سمارٹ صفائی نظام اور اے آئی مانیٹرنگ متعارف کو بریفنگ

منگل 5 مئی 2026 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبے بھر میں جدید شسمارٹ صفائیص نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز عیدالاضحیٰ کے موقع پر کیا جائے گا۔حکام کے مطابق اس نئے نظام میں پہلی بار مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے کوڑے کی نشاندہی، فیلڈ مانیٹرنگ اور صفائی عملے کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 40 ہزار گاڑیاں اور 1 لاکھ 76 ہزار ملازمین اے آئی کی نگرانی میں کام کریں گے، جبکہ غفلت برتنے والے عملے کو موقع پر جرمانے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اے آئی کیمروں سے لیس موٹر بائکس بھی فیلڈ میں تعینات کی جائیں گی جو لائیو امیج کیپچرنگ اور رئل ٹائم مانیٹرنگ فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں ڈیجیٹل میپنگ، بیٹ سسٹم اور اے آئی بیسڈ کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ ملازمین کی حاضری کے لیے نئی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔

فیلڈ افسران کو ہر یونین کونسل میں فزیکل تصدیق کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق عید الاضحیٰ کے دوران ویسٹ کلیکشن سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی بیگز فراہم کیے جائیں گے۔ غیر قانونی طور پر کوڑا پھینکنے پر آن اسپاٹ جرمانے کیے جائیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 70 فیصد ملازمین کی فزیکل تصدیق مکمل ہو چکی ہے، جبکہ آئندہ ہفتے اسے 100 فیصد مکمل کر لیا جائے گا۔

ڈیپ کلیننگ کے دوران 10,365 پوائنٹس کلئر کیے جا چکے ہیں اور مزید 2,029 حاضری پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب منصوبے میں کرپشن یا سیاسی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضر یا گھوسٹ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو مزید مواقع دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کرنے والے ورکرز ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تنخواہیں بروقت ادا کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے فیلڈ میں موجودگی بڑھانے اور شہری و دیہی علاقوں میں یکساں معیار کی صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔